نئی دہلی، 5 /مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کی اتحادی ساتھی راشٹریہ لوک سمتا پارٹی(آر ایل ایس پی)نے کہا ہے کہ وہ قومی دارالحکومت میں آئندہ بلدیاتی انتخابات لڑے گی۔پارٹی کے چوتھے یوم تاسیس کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رالوسپا سربراہ اور مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا نے کہاکہ ہم دہلی میں میونسپل کارپوریشن کا الیکشن لڑیں گے۔قابل ذکرہے رالوسپا کے لوک سبھا میں تین رکن ہیں اور وہ این ڈی اے حکومت میں اتحادی پارٹی ہے۔مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن، شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن اور جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن میں کل 272وارڈ ہیں جن کے لیے اپریل میں انتخابات ہونے کا امکان ہے۔اس درمیان، کشواہا نے دعوی کیا کہ ان کی پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی مداخلت کے بعد اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے کنارہ کشی اختیارکی ہے۔